top of page
Writer's pictureIDREES CHAUDHARY

کینیڈا میں بینک فراڈ پر پاکستانیوں سمیت 12 افراد گرفتار، نام سامنے آ گئے


ویب ڈیسک

ٹورنٹو: کینیڈا میں جعلی دستاویزات پر بینک اکاؤنٹس کھولنے کے الزام میں 12 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پولیس نے جعلی دستاویزات کے ذریعے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے الزام میں پاکستانیوں سمیت 12 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ملزمان پر بینکوں میں جعلی دستاویزات کے ذریعے سیکڑوں اکاؤنٹس کھولنے اور 40 لاکھ ڈالر مالیت کے پیشگی قرضوں کی رقوم ہتھیانے کا بھی الزام ہے۔ٹورنٹو کی پولیس کے مطابق ملزمان میں سے بیش تر کا تعلق پاکستانی کمیونٹی سے ہے، ملزمان سے سیکڑوں جعلی ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت 3 لاکھ کینیڈین ڈالر اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔


ملزمان کئی سالوں سے ان کارروائیوں میں ملوث تھے اور اس دوران انھوں نے 680 جعلی دستاویزات تیار کیں، ان افراد پر مجموعی طور پر 102 جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

فنانشل کرائمز یونٹ کے ڈیوڈ کوفی کے مطابق پولیس نے اکتوبر 2022 میں اس وقت تحقیقات کا آغاز کیا تھا جب ایک مالیاتی ادارے نے افسران سے رابطہ کیا، جس میں کئی مصنوعی کھاتوں کا پتا چلا تھا، جن میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس ایک ایسے شخص نے کھولے جس نے پہلے اسی مالیاتی کمپنی کے ساتھ کام کیا تھا۔فنانشل کرائمز یونٹ کے مطابق 2016 میں شروع ہونے والی اس اسکیم کے مرتکب افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے 680 سے زیادہ منفرد مصنوعی شناختیں بنائیں، جن میں سے اکثر کا استعمال اونٹاریو کے مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں میں سیکڑوں بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ اکاؤنٹس کے لیے درخواست دینے اور کھولنے کے لیے کیا گیا۔ اور پھر دھوکا دہی سے حاصل کردہ کریڈٹ اکاؤنٹس کو اسٹور اور آن لائن خریداریوں، نقد رقم نکالنے، یا الیکٹرک فنڈ ٹرانسفرز کے لیے استعمال کیا گیا۔

ملزمان کے نام

رپورٹس کے مطابق حمزہ بیگ، حسنین اکرم، ظل علی چوہدری، راشد اقبال، رانا فیصل مسعود خان، انمول کھرانہ، فہد بن مفیض، عثمان سیف، علی ثنا، میاں محمد سعود، ثابت حسین سید اور معید تنویر کے خلاف دھوکا دہی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اب تک تقریباً 4 ملین ڈالر کے نقصان کی تصدیق کی گئی ہے۔


0 comments

Comments

Rated 0 out of 5 stars.
No ratings yet

Add a rating
bottom of page