top of page
Writer's pictureJhelum News

کنگن پور احمد تھیلیسیما ہسپتال، خدمتِ خلق کی اعلی ترین مثالنگارشات و سفارشات۔۔۔۔ ڈاکٹر فیض احمد بھٹی

کنگن پور احمد تھیلیسیما ہسپتال، خدمتِ خلق کی اعلی ترین مثال

نگارشات و سفارشات

ڈاکٹر فیض احمد بھٹی

احمد تھیلیسیمیا کیئر ہسپتال کنگن پور (ضلع قصور) میں جنیٹک ڈس آرڈرز جیسے: تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، انیمیا، بون میرو، سکل سیلز اور دیگر خون کی بیماریوں کا واحد مرکز ہے، جہاں بلڈ کینسر سمیت 350 مریض مستقل رجسٹرڈ ہیں۔

احمد تھیلیسیمیا کیئر ہسپتال میں مذکورہ تمام مریضوں کو مفت علاج، مفت بلڈ ٹرانسفیوژن(جتنی بھی مریض کو ضرورت ہو) اور مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ حتی کہ دُور دراز سے آنے والے مریضوں اور لواحقین کو مفت کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے۔

احمد تھیلیسیمیا ہسپتال کا سنگ بنیاد 10 دسمبر 2021 کو رکھا گیا اور ایک سال کی قلیل مدت میں مکمل ہوا۔ ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح 12 فروری 2023 کو کر دیا گیا تھا، جس میں ملک بھر کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

ہسپتال میں جدید ترین لیبارٹری، میڈیکل آلات اور تجربہ کار میڈیکل سٹاف کی ٹیم ہمہ وقت موجود ہوتی ہے۔ قابل ڈاکٹرز کی نگرانی میں مریضوں کا علاج معالجہ کیا جاتا ہے۔ احمد تھیلیسیمیا کئیر ہسپتال کنگن پور گزشتہ ایک سال میں 2500 سے زائد مریضوں کو مفت انتقالِ خون کی سہولیات فراہم کر چکا ہے۔ ہسپتال کا "بلڈ بینک" علاقہ بھر کو شاندار سہولیات بلکل فری فراہم کر رہا ہے، جہاں ایمرجنسی میں بلڈ کی تبدیلی اور فراہمی ممکن ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ہسپتال کی ایمبولینس سروس تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے سمیت پورے علاقے کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو آئرن سٹڈی اور دیگر ضروری ٹیسٹ کےلیے ہسپتال کی ایمبولینس میں بالکل مفت لاہور لے جایا جاتا ہے۔ اسکے علاوہ بلڈ ڈونیشن کیمپ، بلڈ گروپنگ کیمپ اور آگاہیِ امراض پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

احمد تھیلیسیمیا کیئر ہسپتال کی تعمیر پر اب تک 1 کروڑ 75 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ جبکہ 70 لاکھ روپے سے زائد کے میڈیکل آلات بھی خریدے جا چکے ہیں۔ ہسپتال کے ماہانہ اخراجات 8 سے 9 لاکھ روپے تک ہیں۔ ہسپتال سٹاف میں MBBS ڈاکٹرز MLT. لیب ٹیکنیشن اور میڈیکل سٹاف سمیت 11 ملازمین شامل ہیں۔

ہسپتال کے سیکنڈ فلور پر گُردے کے مریضوں کےلیے ڈائیلسز سنٹر بنایا جارہا ہے۔ میاں بابر عباس ڈائیلسز سنٹر کی تعمیر کا آغاز 30 دسمبر 2023 کو کیا گیا۔ اوراب تک 3 ماہ میں اسکی تعمیر پر 40 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ یہ ڈائیلسز سنٹر اس سال مئی 2024 میں کام شروع کر دے گا۔ڈائیلسز سنٹر کو مکمل فنکشنل کرنے کےلیے تقریباً 1کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس سینٹر کے آپریشنل ہونے سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کی طرح ڈائیلسز کے مریض بھی بیماری میں دُور دراز کے سفر کی تکلیف سے نجات حاصل کر سکیں گے۔

قارئین! راقم الحروف کا یہ آبائی شہر ہے۔ بخُدا میرے لیے بے حد خوشی اور اعزاز کا مقام ہے کہ خدمتِ خلق کےلیے جو ادارہ بڑے بڑے شہروں میں سرکاری سطح پر بھی قائم نہ ہوسکا وہ اس چھوٹے سے شہر کنگن پور کے حقیقی غمخواروں نے قائم کر دیا۔ میں احمد تھیلیسیمیا کیئر ہسپتال کنگن پور کے تمام ڈونرز، متعاونین، معاونین، سٹاف بالخصوص پروفیسر عبدالستار اور ابتسام ہاشمی کو سلیوٹ اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

میں اپنے تمام قارئین، محبین اور دوست و احباب سے گزارش کرتا ہوں کہ آئیں اس رمضان المبارک میں اپنی زکوٰۃ، صدقات اور عطیات نھنے پھولوں کی زندگی بچانے کےلیے احمد تھیلیسیمیا کیئر ہسپتال کنگن پور کو دیں۔ جہاں تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، بلڈ کینسر اور ڈائیلسز کے یہ سینکڑوں مریض آپ کے تعاون کے منتظر ہیں۔ آئیے! انکا ہاتھ تھامیں، جانیں بچانے کے اس عظیم سفر میں ساتھ دیں اور احمد تھیلیسیمیا ٹیم کا حصہ بنیں۔ کالم میں ہسپتال کے اکاؤنٹ نمبرز موجود ہیں جن میں آپ ڈائریکٹ ڈونیشن بھی بھیج سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آپ تعمیرات میں مٹیریل اور ہوسپٹل میں ادویات و آلات اور مشینری بھی عطیہ کر سکتے ہیں۔


0 comments

Comentarios

Obtuvo 0 de 5 estrellas.
Aún no hay calificaciones

Agrega una calificación
bottom of page