دینہ(ادریس چودھری) کربلا منانے کی نہیں اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔امیر عبدالقدیر اعوان
اپنی زندگیوں میں کربلا کو اُس طریقہ سے اختیار کیا جائے جس طریقے سے خانوادہ رسول ﷺ نے جانیں دے کر ثابت کیا کہ اللہ کریم کا حکم مقدم ہے۔عملی طور پر کر کے دکھایا کہ جان چلی جائے لیکن کوئی کام اللہ کے حکم سے باہرنہ ہو۔آپ ﷺ کے دنیا سے پردہ فرمانے کے کئی سال بعد،نزول ِ قرآن مکمل ہونے کے بعد خانوادہ رسول ﷺ نے قرآن کریم کے اس حکم کی تعمیل میں اپنی جانیں قربان کیں کہ جان چلی جائے لیکن دین اسلام کے احکامات سے انحراف نہ کیا جائے۔ہم اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی بات سنا کر خود کو منوانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ہم کہہ کچھ رہے ہوتے ہیں اور کر کچھ رہے ہوتے ہیں۔ہم اتنے گر چکے ہیں کہ بات دین کی ہوتی ہے اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی ہوتی ہے اور فائدہ دنیا کا اُٹھا رہے ہوتے ہیں۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ وسر براہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب!
انہوں نے کہا کہ ہمارا ظاہر و باطن اس طرح درست ہو کہ پورے کے پورے اسلام میں داخل ہو جائیں۔ہمارا ظاہر و باطن دین اسلام کے مطابق ہو جائے ہماری نیت سے لے کر اعمال تک کھرے ہوں اس کے لیے برکات نبوت ﷺ کا حصول ضروری ہے۔ہم مانتے ہیں اقرار کرتے ہیں لیکن رسومات بھی نہیں چھوڑتے۔بندہ کے ذمہ انابت ہے،رجوع الی اللہ ہے،طلب ہے ہماری طلب ہی صادق نہیں باقی باتیں تو بعد میں آتی ہیں۔صاحب ایمان ہونا بہت بڑا شرف ہے لیکن کیا ہمارا رزق حلال ہے کیا ہماری عبادات خالص اللہ کے لیے ہیں یا اپنی بڑائی مقصود ہے۔ہم انصاف کے نام پر دھوکہ دے رہے ہیں۔دین اسلام کو بوجھ نہیں بلکہ اپنے لیے راہنمائی سمجھیں اللہ کریم کا احسان کہ ہمیں ہدایت عطا فرمائی۔اگر کوئی دین اسلام پر عمل کر رہا ہے دین کے لیے جان دے رہا ہے یہ بھی اللہ کریم کا اس پر کرم اور فضل ہے۔شیطان کسی کو باندھ کر اس پر اپنا حکم نافذ نہیں کر سکتا ہم خود اپنی مرضی سے شیطان کی پیروی کرتے ہیں اس کے قدموں پر قدم رکھتے ہیں۔دین اسلام پوری انسانیت کی راہنمائی فرماتا ہے۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔
یاد رہے کہ دارالعرفان منارہ میں 40 روزہ سالانہ اجتماع جاری ہے جس میں ملک بھر سے اور بیرون ممالک سے سالکین سلسلہ عالیہ اپنی روحانی تربیت کے لیے آئے ہوئے ہیں ان کے شب و روز ایک باقاعدہ پروگرام کے تحت بسر ہو رہے ہیں۔روزانہ دن بارہ بجے حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی صحت شیخ کے پریڈ میں خصوصی خطاب فرماتے ہیں۔دعوت عام ہے کہ اپنے دلوں کو برکات نبوتﷺ سے منورکرنے کے لیے تشریف لائیے۔۔۔
Comments