top of page
Writer's pictureIDREES CHAUDHARY

پنڈدادنخان میں تمام سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں لوکل انتظامیہ بے بس

رپورٹ: راجہ محمد رمضان


پنڈدادنخان میں تمام سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ لوکل انتظامیہ بے بس۔سیاسی پنڈتوں کے سیاسی پجاریوں نے گھروں کے سامنے ناجائز تجاوزات قائم کرکے سڑکوں کا حلیہ بگاڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان کی نوے فیصد سڑکیں تباہ حالی کا شکار ہو گئی ہیں اور لوکل انتظامیہ کے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں جبکہ نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث معمولی سی بارش کے بعد سڑکیں جوہڑ اور تالابوں کا منظر پیش کرنا شروع کر دیتی ہیں اور اس پر رہی سہی کسر وہ ناجائز تجاوزات نکال دیتی ہیں جو سابقہ دور حکومت میں فوکل پرسن اور سیاسی ساکھ رکھنے والے لوگوں کی طرف سے سڑک کے درمیان تک اضافی ریمپ کی شکل میں تعمیر کی گئی ہیں اور گھر کا اضافی تعمیراتی ملبہ اٹھا کر سڑک کے درمیان میں پھینک کر اس سڑک کو تباہ کر دیا ہے جہاں سے معمولی بارش کے بعد بزرگوں اور خواتین کا گزرنا محال ہو جاتا ہے جبکہ ان ناجائز تجاوزات کو ختم کرنے اور اضافی تعمیراتی ملبہ اٹھانے میں لوکل انتظامیہ بلکل بے بس ہو گئی ہے

سیاسی نمائندوں کی جانب گزشتہ چار سال سے خاطر خواہ ترقیاتی فنڈ منظور نہ کرانے کی وجہ سی پورے شہر کا ترقیاتی ڈھانچہ زبوں حالی کا شکار ہو گیا ہے اور چند سال قبل پورے شہر میں بچھائی گئی سیوریج سسٹم پائپ لائن تاحال بحال نہ کی جا سکی جس کی وجہ عموماً نالیوں کا گندا پانی لوگوں کے گھروں کے سامنے کھڑا رہتا ہے اور بارش کے دوران وہی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو کر آلودگی کا باعث بنتا ہے

وقتاً فوقتاً لوکل انتظامیہ کو شکایات جمع کرانے کے باوجود میونسپل کمیٹی کا ایکشن نہ لینا عوام کیلئے باعث تشویش ہے جس کیلئے عوام ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سے اپیل کرتی ہے کہ فوری طور پر مرمتی کام کیلئے فنڈ جاری کرکے سڑکوں کو اپنی اصلی حالت میں بحال کرتےہوئے سڑک کنارے تمام ناجائز تجاوزات کو ختم کیا جائے اور میونسپل کمیٹی کو روزانہ کی بنیادوں پر نالیوں کی صفائی ستھرائی کا پابند کیا جائے۔

0 comments

Commenti

Valutazione 0 stelle su 5.
Non ci sono ancora valutazioni

Aggiungi una valutazione
bottom of page