top of page
Writer's pictureIDREES CHAUDHARY

پنشن میں کٹوتی اورسرکاری سکولز کی نجكاری کے خلاف گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دینہ میں اساتذہ کااحتجاج

پنشن میں کٹوتی اور سرکاری سکولز کی نجكاری کے خلاف پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دینہ کی قیادت میں پرامن ریلی کا انعقاد

جہلم(ظہیر عبّاس)تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح دینہ میں بھی اساتذہ نے سرکاری اسکولوں کی نجکاری ، لیو انکیشمنٹ اور پینشن ترامیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دینہ چوہدری احمد بخش کی قیادت میں ہائر سیکنڈری اسکول سے دینہ چوک تک پرامن ریلی بھی نکالی گئی۔جس میں خواتین ٹیچرز کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔جنہوں نے پنجاب حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔اسکولوں کی نجکاری نا منظور کے نعرے بھی لگائے گئے۔مظاہرین نے لیوانکیشمنٹ اور پینشن ترامیم کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دینہ چوہدری احمد بخش ، چوہدری محمد فیاض حیدر جنرل سیکرٹری پی ٹی یو تحصیل دینہ ، سید عرفان حیدر ، عاصم جہانگیر ، صادق الاسلام ، سجاد حسین شاہ و دیگر مقررین نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اساتذہ کا مسلہ نہیں بلکہ ایسے قوانین اور سکولز کی نجكاری سے قوم کے بچے سستی اور معیاری تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔حکومت شہری آبادی کے اسکولز کو پرائیوٹائز کر کے این جی اووز کے حوالے کرنے جا رہی ہے۔غریب عوام کے بچوں سے مفت اور معیاری تعلیم کا حق غصب کیا جا رہا ھے۔گورنمنٹ ملازمین کے مالی حقوق کو غصب کیا جا رہا ھے۔پنشن حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ھے۔عرصہ دراز سے بھرتی اساتذہ اور اے ای اوز کو مستقل نہیں کیا جا رہا۔اساتذہ تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ نگران حکومت سرکاری ملازمین کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات واپس لے اور معاملات کو آنے والی حکومت پر چھوڑ دے۔آخر میں سید حسنات شاہ نے خصوصی دعا کرائی۔

0 comments

Comments

Rated 0 out of 5 stars.
No ratings yet

Add a rating
bottom of page