لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان اقساط پر تقسیم کرنے کا منصوبہ ختم کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے الیکٹرک بائیکس کی بجائے پٹرول پر چلنے والی موٹرسائیکلز آسان اقساط پر فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس اقدام کے لیے صوبائی حکومت کی طرف سے الیکٹرک بائیکس سے بیٹری چوری ہونے کے خدشے اور ان کی کم مائیلج کو جواز بنایا گیا ہے۔ ای بائیکس تقسیم کرنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ای بائیکس ماحول دوست ہوتی ہیں اور ان سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں کافی مدد مل سکتی ہے تاہم معاشرے میں جرائم کی صورتحال کے پیش نظر یہ بائیکس غیرمحفوظ ہیں۔ ایک طرف ان بائیکس کی بیٹری چوری ہونے کا اندیشہ رہے گا تو دوسری طرف کم مائیلج کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Kommentarer