top of page
Writer's pictureJhelum News

فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔حافظ عبد الحمید عامر



جہلم ( محمد زاہد خورشید ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر حافظ علامہ ساجد میر کی اپیل پر مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں نہتے عوام پر وحشیانہ بمباری کے خلاف جہلم میں کل جمعہ کو یوم احتجاج منایا جا رہا ہے۔جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبد الحمید عامر نے ایک بیان میں کہاکہ جہلم کی تما م مساجد میں خطبات جمعہ میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت میں قراردادیں پیش کی جائے گی اور نماز جمعہ کے بعد چوک اہل حدیث سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جو گنبد والی مسجد سے نکلنے والے احتجاجی مظاہرے میں شامل ہو جائے گی۔حافظ عبد الحمید عامرنے غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ اسرائیل فلسطین تنازع کو با مقصد مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرے۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ باہمی لڑائی میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، فلسطینی اسرائیلی مظالم کے ردعمل میں اسرائیلی افواج کو جواب دینے پر مجبور ہیں جب مظلوم کو کچلا جائے گاتو ردعمل فطری بات ہے مقبوضہ علاقوں میں لاکھوں فلسطینی فوجی محاصرے میں زندگی گزار نے پر مجبور ہیں اورظالم اسرائیلی حکومت نے غزہ کی ناکہ بندی کر کے وہاں کی بجلی اور پانی بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی مسلمان کھانے اور پینے کو ترس گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ مل کر فوری طور پر کوئی بھی بامعنی اور قابل عمل مذاکرات کے ذریعے فلسطینی عوام کی زندگیوں میں بہتری لا سکتے ہیں۔ہم ایک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں، انہوں نے کہاکہ یہ بد قسمتی ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت، فضائی حملے،یہودی ناجائز آباد کاروں کی بستیوں کی توسیع،فلسطینیوں کی بے دخلی اور بیت المقدس کے تقدس کی پامالی جاری ہے۔طویل مدتی پائیدار سیاسی عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی طرف سے آباد کاری کے اقدامات ہیں جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔اسرائیل کے یہ اقدامات مذاکرات کیلئے سازگار ماحول کو خراب کررہے ہیں۔مشرق وسطی کے تمام افراد کیلئے مذہب،نسل اور قومیت سے قطع نظر دیرپاامن کے قیام میں ہے۔



0 comments

Comments

Rated 0 out of 5 stars.
No ratings yet

Add a rating
bottom of page