فرقہ واریت کے نام پر ڈرامے بازیاں
انتخاب و ترتیب
ڈاکٹر فیض احمد بھٹی
بازار کی ایک نکر پہ بریلوی برانڈ کی مسجد تھی جس کی پیشانی پر "جامع مسجد غوثیہ رضویہ حنفی بریلوی" جلی حروف میں لکھا ہوا تھا۔ بازار کے بیچوں بیچ چوک میں اہل حدیثوں کی ایک بڑی اور عالیشان مسجد تھی، جس کے ساتھ ایک مدرسہ بھی تھا۔ مسجد کے مرکزی دروازے پر گولائی کی شکل میں ایک لوہے کا بنا بورڈ لگا تھا جس پر "جامع مسجد و مدرسہ انوار توحید اہلحدیث" تحریر تھا۔ تھوڑا آگے جا کر ایک ذیلی گلی کے اندر ایک امام بارگاہ تھی جس کے صدر دروازے پر "امام بارگاہ امام رضا علیہ السلام جعفریہ" کندہ تھا۔ اور بازار کے آخری سرے پر بلند میناروں والی ایک اور بڑی مسجد تھی کہ جس کا دروازہ دور سے نظر آتا تھا۔ اس مسجد کے دروازے پر "جامع مسجد عمر رضی اللہ عنہ حنفی دیوبندی" موٹے حروف میں لکھا گیا تھا۔
اس بازار کی ایک نکر سے آخری سرے تک کم از کم پانچ سو دکانیں تھیں مگر کسی دکان پر بھی "بریلوی جنرل سٹور"، "دیوبندی کلاتھ ہاؤس"، "اہل حدیث گارمنٹس"، "شیعہ ہارڈ ویئر ہاؤس" نہیں لکھا ہوا تھا۔
حیرانگی اس بات پر ہے کہ فرقہ پرست اور متعصب مسلمانوں کا سارا تعصب ساری فرقہ واریت صرف دین رسول ﷺ کے ساتھ ہی دیکھی جاتی ہے۔ اپنے کاروبار کو کسی نے بھی فرقہ پرستی کی غلاظت سے آلودہ نہیں کر رکھا۔ جبکہ مسجدوں اور مدرسوں کو فرقہ واریت کی گندگی سے لت پت کر رکھا ہے۔
یہ مسلمان کتنے سمجھدار ہیں؟ ہے ناں! اللہ و رسول ﷺ کے نام پہ ایک نہیں ہو سکتے، مگر پیسہ کمانے مال بنانے کےلیے ایک ہو جاتے ہیں۔ کبھی کسی فرقہ پرست تاجر سے سنا کہ اس نے مخالف فرقے والے کا آرڈر نہ لیا ہو!؟ اسے سامان بیچنے سے انکار کیا ہو!؟ ہر گز ایسا نہیں.
مطلب بزنس دینے والا شیعہ کافر نہیں ہے، نفع دینے والا وہابی بھی گستاخ نہیں ہے، گاہک کی صورت میں آئے تو دیوبندی بھی خارجی نہیں ہے، اور پکا گاہک ہو تو بریلوی بھی مشرک نہیں ہے!!!
یہ سب تماشے صرف مسجدوں اور مدرسوں میں کرنے کیلئے ہیں، جہاں مخالف مسلک کا بندہ نماز پڑھنے آ جائے تو اس کے جانے کے بعد مسجد دھوئی جاتی ہے۔
اے عجیب و غریب مسلمانو! اللہ کو کیا سمجھتے ہو تم؟ مسجد تو صرف وہی ہے جو نبی کریم ﷺ کے طریقے پر "مسجد نبوی" کی طرز پر بنی ہو۔ یہ تمہارے فرقوں کے سابقوں لاحقوں پہ بنی مسجدیں نہیں ہیں؛ بلکہ یہ تمہارے فرقوں کی عبادت گاہیں ہیں۔ جہاں تم اللہ کی نہیں اپنے فرقوں کی عبادت کرتے ہو۔ اوروں کو نہیں بلکہ خود کو دھوکا دیے رہے ہو۔ یہ سب فرقہ واریت کی ڈرامے بازیاں ہیں۔ کب تک یہ ڈرامے بازیاں جاری رکھو گے؟؟؟
یاد رکھو! صرف قرآن و حدیث ہی شریعت کے اصل مآخذ ہیں۔ انہیں صحابہ کرام و اہلبیت عظام کے منہج پر فالو کرنا ہی فرمانبرداری و تابعداری ہے۔ اسی میں نجات و کامیابی ہے۔ باقی سب فرقہ واریت کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے۔ لہذا اس فرقہ واریت سے بچ جاؤ وگرنہ سب کچھ برباد ہو جائے گا۔
Comments