top of page

رسول اللہﷺ کی پوری سیرت میں حقوق العباد کی پاسداری کرنا اہم ترین پہلو ہے۔ ڈاکٹر فیض احمد بھٹی

جہلم ،( نمائندہ جہلم نیوز)سیرۃ النبی ﷺ کا ہر پہلو ہمارے لیے روشن نمونہ ہے: ڈاکٹر فیض احمد بھٹی۔رسول کریمﷺ کی پوری زندگی (قولی، فعلی، تقریری، خلقی، خُلقی) ہمارے لیے مشعل راہ اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔

سیرۃ النبیﷺ کا ہر پہلو ہمارے لیے روشن نمونہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فیض احمد بھٹی نے خطبہ جمعہ میں کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فیض احمد بھٹی (چیئرمین ابنِ عباس اسلامک ریسرچ سنٹر جہلم) نے گزشتہ جمعۃ المبارك کوٹ مومن کی عظیم درسگاہ (جامعہ شمس الحدیث و مدرسہ خاتون جنت فاطمة الزھراء) میں پڑھایا۔ ڈاکٹر فیض احمد نے رسول کریمﷺ کی آمد سے قبل زمانہ جاہلیت کا تفصیلی جائزہ پیش کرنے کے بعد واضح کیا کہ رسول کریمﷺ کی تشریف آوری کے بعد عرب میں ایک بہت بڑی تبدیلی رونما ہوئی۔ جاہلیت کا دور ختم ہوا روشنی کا دور شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ رسول کریمﷺ کی آمد سے ایسی خیر و برکت کا ظہور ہوا کہ صدیوں کے دشمن بھی آپس میں شیر و شکر ہو گئے۔ اور پھر انہوں رسول کریمﷺ کی تابعداری اور ان کے لیے جانثاری کے ایسے ثبوت پیش کیے، ایسی مثالیں قائم کیں، کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ان کو اصحابِ رسولﷺ کا درجہ دے کر اپنی رضامندی کے سرٹیفکیٹ بایں الفاظ (رَضِىَ للّٰهُ عَنْهُمْ وَرَضُوْا عَنْه) عطا فرمائے۔ بعد ازاں ڈاکٹر فیض بھٹی نے سیرۃ النبیﷺ کے اہم ترین پہلوؤں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلان نبوت سے پہلے رسول اللہﷺ کی سیرت کے 2 اہم ترین پہلو موجود ہیں۔ نمبر ایک خدمت خلق نمبر دو اعلیٰ ترین کردار، جبکہ اعلان نبوت کے بعد کئی اہم ترین پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ جیساکہ توحید باری تعالیٰ کو اختیار کرنا اور شرک سے کلی اجتناب کرنا، فرمان رسولﷺ کو سینے سے لگانا اور بدعات کو ہر اعتبار سے بھگانا۔ نیز ڈاکٹر فیض نے یہ بھی واضح کیا کہ رسول اللہﷺ کی پوری سیرت میں حقوق العباد یعنی اللہ کے بندوں کے حقوق کی پاسداری کرنا اہم ترین پہلو ہے، جسے آج ہم پس پشت ڈال چکے ہیں۔ ڈاکٹر فیض بھٹی نے خطبے کے آخر میں یہ بات بھی سمجھائی کہ میلاد شریف یا سیرۃ النبی منانے کی نہیں بلکہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے یہ جمعة المبارك کا خطبہ ربیع الاوّل کے حوالے سے سالانہ پروگرام کے طور پر رکھا جاتا ہے۔ اس پروگرام کی ابتدا بانی جامعہ شمس الحدیث مولانا عابد الرحمٰن شہید نے کئی سال پہلے رکھی جو آج بھی جاری و ساری ہے۔ جمعہ میں قریب و بعید سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے احباب نے بھرپور شرکت کی۔ جبکہ سرپرست جامعہ الحاج انور حسین نے خصوصی شرکت کی۔ مولانا ندیم آرائیں (مہتمم جامعہ شمس الحدیث) نے تمام شرکاء خطبہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حاجی سرور حسین محمدی نے ڈاکٹر فیض احمد بھٹی کو ایک خوبصورت کتاب بھی ھدیہ کی۔



0 comments

Comments

Rated 0 out of 5 stars.
No ratings yet

Add a rating
bottom of page