top of page

دینہ:یونین کونسل دھنیالہ میں ن لیگ کا کامیاب جلسہ۔ بلال اظہر کیانی اپنی جیت کے لئے پُراُمید،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی جلسے میں خصوصی شرکت

یونین کونسل دھنیالہ میں ن لیگ کا کامیاب جلسہ۔ بلال اظہر کیانی اپنی جیت کے لئے پُراُمید۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر پورے پروٹوکول کے ساتھ الیکشن کیمپئن میں ن لیگی امیدواروں کے ساتھ ساتھ پنجاب میں جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ * گاؤں کی کسانہ اور برگٹ گجر برادریاں اگرچہ ن لیگ کے ساتھ ہیں لیکن ایک نیام میں یہ دو تلواریں سما نہیں سکتیں۔ یہی وجہ ہے کہ جلسے سے پہلے یہ دونوں لیگی دھڑے آپس میں لڑ پڑے تھے۔

جہلم(رانا محمد عاصم سے) گزشتہ روز تحصیل دینہ کی یونین کونسل دھنیالہ میں سابق کونسلر چودھری محمد دین کسانہ, ایس ایس پی چودھری مشتاق حسین مرحوم کے صاحبزادے چودھری عمر مشتاق برگٹ, سابق کونسلر چودھری زاہد محمود کسانہ, چودھری ندیم عباس برگٹ, چودھری اظہر محمود کسانہ, چودھری نوید ریاض کسانہ, چودھری عبدالباسط برگٹ اور مرزا عمران منصور کی دعوت پر یونین کونسل دھنیالہ کے سابق چیئرمین حاجی غلام جعفر برگٹ کے ڈیرے پر مسلم لیگ ن کا انتخابی جلسہ ہوا جس میں جہلم کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 کے امیدوار بلال اظہر کیانی اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ نمبر پی پی 24 کے امیدوار راجہ یاور کمال (استحکام پاکستان پارٹی) نے شرکت و خطاب کیا جبکہ ان کی انتخابی مہم چلانے کے لئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر بھی پورے سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ان کے ہمراہ تھے اور جلسے سے انہوں نے بھی خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کی اپیل کی۔جلسہ گاہ پہنچنے سے پہلے راجہ فاروق حیدر اور ن لیگ کے امیدواروں نے یونین کونسل دھنیالہ کے سابق کونسلر چودھری زاہد کسانہ کے ڈیرے پر مسلم لیگ ن کے دفتر کا افتتاح کیا اور چودھری ندیم عباس برگٹ کے ڈیرے پر بھی حاضری دی۔دھنیالہ کی کسانہ اور برگٹ برادریاں اگرچہ اس بار مشترکہ طور پر ن لیگ کے امیدواروں کو ہی سپورٹ کر رہی ہیں لیکن جیسے ایک نیام میں دو تلواریں نہیں سما سکتیں ایسے ہی دھنیالہ کی کسانہ و برگٹ, دونوں گجر برادریوں کے مابین باہمی رنجش اور لاتعلقی کا ماحول بھی دیکھنے کو ملا حتیٰ کہ امیدواروں کے آنے سے تھوڑی دیر پہلے ہی ن لیگ کے دونوں دھڑوں کے درمیان امام بارگاہ کے سامنے لنک روڈ دھنیالہ پر آپس میں لڑائی بھی ہو گئی جس کے باعث آدھ گھنٹے تک وہاں ٹریفک جام رہا اور اس واقعے کے بعد کسانہ برادری کے بڑے دھڑے نے جلسہ گاہ میں آنے سے گریز کیا۔ تاہم یونین کونسل سطح کا مجموعی طور پہ یہ جلسہ کامیاب ثابت ہوا جس کے شرکأ کو حاجی غلام جعفر کی طرف سے پنڈال کے اندر پرتکلف کھانا بھی دیا گیا۔مسلم لیگ ن کے امیدوار بلال اظہر کیانی اگرچہ مریم نواز شریف اور شریف برادران کے دست راست اور ن لیگ کے مرکزی رہنما ہیں تاہم انتخابی سیاست میں یہ ان کا پہلا الیکشن ہے جس کامیابی کی صورت میں انہوں نے ضلع جہلم کے ہر گاؤں میں گیس پہنچانے سمیت بڑے بڑے وعدے کئے ہیں اور جہلم کو ایک مثالی ضلع بنانے کا اعلان کیا ہے۔بلال اظہر کیانی نے یہ تاثر پیدا کیا ہے کہ ان کی کامیابی سو فیصد یقینی ہے, لہذا جہلم کے اگلے قائد وہی ہوں گے. تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی کو اگرچہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن اس کے باوجود عمران خان کا خاموش ووٹر بھی بڑے تعداد میں حلقے میں موجود ہے‍۔





0 comments

Comments

Rated 0 out of 5 stars.
No ratings yet

Add a rating
bottom of page