top of page
Writer's pictureIDREES CHAUDHARY

دینہ:کھانسی، بخار، سانس لینے میں دشواری کی صورت میں مستند معالج سے رابطہ کیا جائے۔ڈاکٹر سید عاصم رضوی


*کھانسی، بخار، سانس لینے میں دشواری کی صورت میں مستند معالج سے رابطہ کیا جائے۔ڈاکٹر سید عاصم رضوی*

دینہ(پروفیسر خورشید ڈار)تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سید عاصم رضوی کا شمار ضلع جہلم کے مستند سینیئر فیملی فزیشنز میں ہوتا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریضوں کا نہ صرف علاج معالجہ کرتے ہیں بلکہ ان کو ایجوکیٹ بھی کرتے ہیں۔مریض کی ہسٹری کو مدنظر رکھتے ہوئے کمال شفقت کے ساتھ اس کا علاج کرتے ہیں۔اللہ پاک نے ان کے ہاتھ میں شفا رکھی ہے۔یہی وجہ ہے کہ مریضوں کی بہت بڑی تعداد اپنے علاج معالجے کے لیے ان کی طرف رخ کرتی ہے۔گزشتہ روز مشہور سینیئر فیملی فزیشن ڈاکٹر سید عاصم رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ان دنوں موسمی بیماریوں کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔وائرل انفیکشن / وائرل نمونیا میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں بڑی حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔بعض اوقات گھر کے تمام افراد میں یہ بیماری پھیل جاتی ہے۔10 سال سے کم عمر کے بچے اور بزرگ شہری اس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔بلغمی کھانسی ،تیز بخار ،جسم میں درد ، کمزوری اور بھوک کا نہ لگنا اس کی اہم علامات ہیں۔علاج کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ایجوکیٹ کرنا بھی بہت ضروری ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے نہ صرف خود بیماری سے بچا جائے بلکہ اس کے پھیلاؤ کو بھی روکا جا سکے۔موسم سرما کی شدت کے پیش نظر اپنے دو سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس ضرور مکمل کروائیں جس میں نمونیا کی ویکسین شامل ہے۔نمونیا تمام عمر کے لوگوں کے لئے ایک خطرناک بیماری ہے تاہم چھوٹے بچوں میں یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔وائرل انفیکشن میں مبتلا لوگوں کو کھانے پینے میں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عام طور پر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ بار بار اپنا معالج تبدیل کرتے رہتے ہیں۔بعض اوقات تو پانچ دن میں پانچ مختلف معالج سے علاج کروایا جاتا ہے۔اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم مریض کو اس امر سے اگاہ کرتے ہیں کہ اپنے معالج کے پاس اپنا کورس لازمی مکمل کریں۔بچوں کو سردی سے بچائیں، گرم کپڑوں کا استعمال کریں اور ان کو غیر ضروری طور پر باہر بھیجنے سے اجتناب کریں۔نمونیا کی علامات جیسا کہ کھانسی، بخار، سانس لینے میں دشواری ہونے کی صورت میں فوری طور پر مستند معالج سے رابطہ کیا جائے۔سردی کے موسم میں بلغمی کھانسی کے شکار ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں اور بزرگوں کی ہوتی ہے جو ہر وقت کھانسنے کی وجہ سے تکلیف کا شکار رہتے ہیں۔

0 comments

Comments

Rated 0 out of 5 stars.
No ratings yet

Add a rating
bottom of page