دینہ (سید جواد حسین نقوی سے) گزشتہ روز اہل تشیع ھڈالہ سیداں تحصیل دینہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان " حامیان مظلومین فلسطین ریلی" کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں انجمن امامیہ سادات ہڈالہ سیداں کے علاوہ دیگر مختلف تنظیموں کے راہنماؤں ، کارکنان ، خواتین ، بچوں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کا آغاز جامع مسجد صاحب الزمان ہڈالہ سیداں سے دن دو بجے مولانا محمد باقر حیدری خطیب مسجد و سید نجم الحسن رضوی ، سید وسیم حیدر جعفری و دیگر مقامی راہنماؤں کی زیر قیادت ہوا جو منگلا روڈ سے ہوتی ہوئی مین چوک جی ٹی روڈ دینہ پر پہنچ کر ایک بڑے جلسہ کی صورت اختیار کر گئی ۔ جہاں جماعت اسلامی ضلع جہلم کے امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری و کارکنان جماعت اسلامی اور عام افراد کی بڑی تعداد بھی ریلی میں شامل ھو گئی ۔ اس موقعہ پر مولانا محمد باقر حیدری ، ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری و دیگر راہنماؤں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا وجود امت مسلمہ کے قلب میں خنجر کی مانند ھے ۔ مگر 57 اسلامی ممالک ھونے کے باوجود نہتے و مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے ظلم و بربریت پر سوائے ایران کے دیگر تمام اسلامی ممالک کی خاموشی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ آج باطل قوتوں سے مقابلہ اور نجات کا واحد راستہ حسینیت ھے ۔ چنانچہ امت مسلمہ کے ہر فرد پر واجب ہے کہ وہ فلسطین پر اسرائیل کے ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرے ۔ ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی اور امریکہ و اسرائیل کے پرچموں کو بھی نذر آتش کیا ۔
top of page
bottom of page
Comments