پنڈدادنخان: سگھرپور سے ملکوال جانے والی کشتی دریائے جہلم میں ڈوب گئی، 4 بچے اور 2 خواتین جاں بحق
پنڈدادنخان/ جہلم/: پنڈدادنخان کے علاقہ سگھرپور سے ملکوال جانے والے کشتی دریائے جہلم میں ڈوب گئی، 4 بچے اور 2 خواتین دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، 30 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، ریسکیو آپریشن مکمل، حادثہ کشتی اوورلوڈ ہونے کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ سگھرپور سے منڈی بہاؤالدین کے علاقہ ملکوال جانے والے کشتی نورپور پیراں والا کے قریب اوورلوڈ ہونے کے باعث اپنا توازن کھو بیٹھنے سے دریائے جہلم میں ڈوب گئی۔ کشتی میں کیری ڈبہ، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان سمیت 30 سے زائد افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔کشتی نور پور پیراں والا کے قریب دریا کے کنارے پر ڈوبی جس کے باعث چار بچے اور دو خواتین دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں جبکہ زیادہ تر مسافروں کو مقامی افراد نے بچالیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورمقامی افراد کے ساتھ مل کر جاں بحق ہونے والی خواتین اور بچوں کی لاشیں دریا سے نکال لیں جبکہ 7 افراد کو تشویشناک حالت میں ملکوال ہسپتال منتقل کردیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے تین بہن بھائیوں 8 سالہ کاشہیر عباس ولد شمشیر شادہ، 2 سالہ راعنا دختر شمشیر شاہ، 6 سالہ شاہ میر ولد شمشیر شاہ، 6 سالہ غیو عباس ولد ضمیر عباس، عظمت زوجہ فرحت، شہناز زوجہ عارف شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والی خواتین کا تعلق سگھر پور پنڈدادنخان جبکہ چاروں بچوں کا تعلق نور پور پیراں والا سے تھا جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کشتی (بیڑا) خستہ حالت میں تھی جس پر اوور لوڈنگ کی وجہ سے واقعہ رونما ہوا۔
Comments