Jhelumnews.uk ڈسٹرکٹ رپورٹر
جہلم کے مشین محلہ میں قائم ایزی پیسہ شاپ کا مالک لاکھوں روپے لیکر رفو چکر ہو گیا، شہری سراپا احتجاج ، شہریوں نے حکومت پاکستان سے ایزی پیسہ شاپس رجسٹرڈ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ سٹی کے علاقہ مشین محلہ میں قائم ایزی پیسہ کے مالک نے شہریوں کے لاکھوں روپے لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ شہریوں نے تھانہ سٹی کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مشین محلہ نمبر 3 میں سلیم ٹریڈرز کے نام سے قائم دکان پر یوٹیلیٹی بلز ایزی پیسہ کے زریعے جمع کروائے ، ایک ماہ کے بعد دوبارہ پچھلے ماہ کی رقم بقایابلوں میں شامل کرکے بھجوائی گئی جس پرصارفین نے دکاندار سے استسفار کیا تو اس نے کہا کہ میں نے تمام بلز سرکاری خزانے میں جمع کروا دیئے ہیں اس کے لئے آپ آئیسکو سرکل جہلم کی اکاؤنٹ برانچ اور سوئی نادرن گیس کے دفترسے تحقیقات کروائیں۔ شہریوں نے کہا کہ صارفین نے مذکورہ دفاتر سے رابطہ کیا تو دونوں محکموں کے ذمہ داران نے انکشاف کیا کہ واپڈا اور سوئی گیس کے صارفین کی رقم محکموں کو ٹرانسفر نہیں ہوئی، اس طرح جب صارفین نے سلیم ٹریڈرز ایزی پیسہ دکان پر رجوع کیا تومعلوم ہوا کہ ایزی پیسہ کا مالک سلیم نامی شخص صارفین کے ساتھ فرادڈ کرکے غائب ہو چکا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ ایزی پیسہ برانچ متعلقہ محکموں کی اجازت کے ساتھ کھولی جاتی ہے۔ ایزی پیسہ کے لئے حکومت نے ایس او پیز جاری کررکھے ہیں ۔ ہمارے ساتھ فراڈ کرنے والے فراڈیئے کو مقامی بااثر شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تھانہ سٹی پولیس نے شہریوں کی شکایت پر گزشتہ روز ایزی پیسہ کے مالک کو حراست میں لیا تھا اور بعد میں اسے چھوڑ دیا۔ جو کہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے تھانہ سٹی کے باہر احتجاج کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور ، آرپی او راولپنڈی ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرناصر محمود باجوہ سے نوٹس لینے اور ملزم کو تھانے سے چھوڑنے پر کارروائی کا مطالبہ اوررقم برآمد کروانے کا مطالبہ کیاہے
Comments