ویب ڈیسک
جہلم میں جعلی پولیس مقابلے میں مبینہ منشیات فروش کی ہلاکت، نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
جہلم: جعلی پولیس مقابلے میں مبینہ منشیات فروش کی ہلاکت کا معاملہ، چار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دو بجے ٹاہلیانوالہ میں دریائے جہلم کے کنارے گرفتار ملزم قاسم کو پولیس مقابلے میں پار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 28 مارچ دن بارہ بجے کے قریب پولیس کانسٹیبل عمر جاوید نے جہلم کے علاقہ ٹاہلیانوالہ کے مقام پرملزم نبیل عرف بھیلواور قاسم کو منشیات کے الزام میں گرفتار کرنے کی کوشش کی تو نبیل بھیلو فرار ہوگیا جبکہ کانسٹیبل عمر جاوید نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مبینہ ملزم قاسم کو دبوچ لیا۔ملزم قاسم نے پستول نکال کر پولیس کانسٹیبل عمر جاوید کو زخمی بھی کیا، علاقہ مکینوں نے وڈیوزبھی بنائیں، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور زخمی کانسٹیبل کو اسپتال جبکہ ملزم قاسم کو سینکڑوں افراد کی موجودگی میں پستول سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کیاگیا۔ اور 29مارچ کی درمیانی شب رات کی تاریکی میں برآمد شدہ پستول کی برآمدگی کا جواز بنا کر گرفتار ملزم قاسم کو ٹاہلیانوالہ میں دریا کے کنارے لے جاکر فائرنگ کر کے جعلی مقابلے میں پار کرکے چار نامعلوم افراد کے خلاف پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔علاوہ ازیں پولیس کانسٹیبل عمر جاوید کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی دفعات کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا جس میں جعلی مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم قاسم اور نبیل عرف بھیلو کو نامزد کیاگیا ہے۔
28
Comments