Jhelumnews.uk ڈسٹرکٹ رپورٹر
الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں میں ضلع جہلم سمیت ملک بھر کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا، الیکشن کمیشن کل ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا جس کی فہرست 27 ستمبر کو جاری ہوگی۔نئی حلقہ بندیوں میں بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رکھی جا رہی ہیں، الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کر لیا ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں حلقہ بندیوں پر کام تیزی سے جاری ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد ابتدائی حلقوں کی فہرست جاری ہوگی جبکہ ان حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر تا 27 اکتوبر دائر ہوسکیں گے جنہیں کمیشن 26 نومبر تک نمٹائے گا اور حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 9 لاکھ 5 ہزار 595 سندھ کا 9 لاکھ 13 ہزار رکھا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کا کوٹہ 9 لاکھ 7 ہزار 913 کی آبادی پرمشتمل ہوگا۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 پر ہوگا اور اسلام آباد کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 رکھا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 4 لاکھ 29 ہزار 929 ہے جبکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 431 رکھا گیا۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا 3 لاکھ 55 ہزار 270، بلوچستان اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 نفوس پر ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 266، پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں رکھی گئیں جبکہ سندھ اسمبلی کی 130، بلوچستان کی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں۔
Comments