Jhelumnews.ukڈسٹرکٹ رپورٹر
جہلم: بجلی چوروں کے خلاف ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں 20 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، بجلی چوروں کے خلاف 65 مقدمات درج کر لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق جہلم میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف گزشتہ کئی روز سے آپریشن جاری ہے۔ کارروائیوں کے دوران 65کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں، بجلی چوری میں ملوث 20 افراد کو گرفتار جبکہ 65 کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ایس ای آئیسکو سرکل جہلم ذاکر حسین نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف 65 مقدمات درج کر کے ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے،بجلی کے بلوں کے نادہندگان سے 3 کڑور روپے کی ریکوری بھی کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے کنکشنز میں کمرشل اور ڈومیسٹک کنکشنز شامل ہیں، تمام ملزمان کے کنکشن منقطع کر کے ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں۔ بجلی چور اور بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والے دونوں ہی ملکی معیشت کیلئے دیمک کی طرح ہیں ان دونوں کا بوجھ بھی دوسرے صارفین کو اْٹھانا پڑتا ہے۔ذاکر حسین نے کہا کہ قومی مجرموں کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، ذمہ دار شہری اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں آئیسکو کا ساتھ دیں۔ایس ای آئیسکو نے کہا کہ جہلم کے شہری ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری آئیسکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں، بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی معزز صارفین کو بجلی کی سستی، معیاری اور مسلسل فراہمی ممکن ہے۔
Comments