اردن کے ایک 51 سالہ شخص کی تیز رفتار ریاضی کی مہارت نے سب کو حیران کر دیا ہے، 51 سالہ شخص نے 10 جملوں میں سب سے کم وقت میں حروف گننے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
اُردن کے علاقے ’اربید‘ سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ محمد صياحين اپنے دماغ کا دہرا استعمال کرتے ہیں، ایک جانب وہ تیزی سے اونچی آواز میں جملہ پڑھتے ہیں اور دوسری جانب اپنے دماغ کا دہرا استعمال کرتے ہوئے حروف کی تعداد بھی اپنے ذہن میں محفوظ رکھتے ہیں۔
محمد صياحين کو تیز ترین حساب کتاب کرنے کی صلاحیت کا اندازہ اس وقت ہوا جب وہ اسکول میں پڑھتے تھے اور ایک استاد نے ان کی اس صلاحیت کی نشاندہی کی ۔
صياحين نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ ’مجھے حادثاتی طور پر سیکنڈری اسکول میں تیزی سے حساب لگانے کی صلاحیت کا احساس ہوا، ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے شروع میں سوچا کہ تمام بچے وہی کر سکتے ہیں جو میں کرتا ہوں لیکن میرے ایک استاد نے مجھے میری صلاحیت کا احساس دلایا اور کہا کہ نہیں ایسا کوئی اور نہیں کر سکتا۔محمد صياحين کا کہنا ہے کہ استاد کی نشاندہی کے بعد انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو آزمانا شروع کیا جو کہ غیر معمولی تھیں۔ اس میں انہوں نے ایک جملے میں حروف کی تعداد کا حساب لگایا تو وہ اتنا جلدی ہوا کہ ایسا کرنے میں چند سیکنڈ درکار ہوئے۔ محمد صياحين کو اس کام میں اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے اس کا عملی مظاہرہ ایک ٹی وی سیریز عربگوٹ ٹیلنٹ میں کیا۔
اب حال ہی میں 51 سالہ محمد صياحين نے 35.5 سیکنڈ میں 10 جملوں میں حروف کی تعداد گن کر گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ہر جملے میں گنتی میں انہیں صرف ایک یا 2 سیکنڈ لگے، لیکن جی ڈبلیو آر کے قواعد کے مطابق انہیں گنتی سے پہلے ہر جملے کو اونچی آواز میں پڑھنا ضروری تھا۔
اس میں سب سے دلچسپ بات جو سامنے آئی وہ یہ تھی کہ محمد صیاحین جملہ پڑھتے ہوئے اپنے دماغ کا دہرا استعمال کرتے ہیں، یعنی ان کا دماغ ایک جانب جملہ پڑھتا ہے اور دوسری جانب وہ اس میں حروف کی تعداد بھی اپنے ذہین میں رکھتے ہیں۔ محمد صياحين کا کہنا تھا کہ ’مجھے کسی وارم اپ کی ضرورت نہیں ہے۔ میں فوری طور پر یہ حساب کتاب کسی بھی وقت کر سکتا ہوں‘۔
Comments