جہلم(ادریس چودھری سے)8فروری 2024ء کے عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے تکمیل کے مراحل کی طرف گامزن ہیں۔بیلٹ پیپر کی چھپائی کا کام جو تین سرکاری پریس اداروں میں کیا جا رہاہے، تسلی بخش طریقے سے جاری ہے ۔ یہ کام جو RO کی طرف سے انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے بعد 16 جنوری سے شروع ہوا تھا، اگلے 4 روز میں یعنی 2فروری تک مکمل ہو جائے گا ۔اس کے ساتھ ساتھ سیکورٹی اداروں ، RO اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کی مدد سے بیلٹ پیپر کی ڈیلوری کا کام چاروں صوبوں کے لیے شروع ہو چکا ہے۔یہ ترسیل سڑک اور ہوائی دونوں ذریعوں سے کی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں آج 29 جنوری 2024ء سے 8300 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے عوام الناس کو دیگر معلومات کے علاوہ اپنے پولنگ سٹیشن کی معلومات حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے ۔ ووٹرز کو اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجنا ہو گا ۔ تمام ووٹرز سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اورگھر والوں کے ووٹ کی تفصیلات بروقت حاصل کر لیں تاکہ پولنگ اسٹیشن میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دریں اثناء الیکشن کمیشن نے اب تک 9 لاکھ76 ہزار درکار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار پولنگ عملے کی تربیت مکمل کر لی ہے جو کہ کل درکار تعداد کا 96 فیصد بنتی ہے۔ بقیہ 6 ہزار پولنگ عملے کی تربیت اگلے چار دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔مزید یہ کہ کراچی میں دو سیاسی پارٹیوں کے درمیان جھنڈا لگانے پر تصادم و فائرنگ اور ضلع صوابی میں پوسٹل بیلٹ چھینے جانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے متعلقہ چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان سے رپورٹس طلب کی ہیں تاکہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت بھی کاروائی کی جا سکے
top of page
bottom of page
Comments