ویب ڈیسک
گوگل نے ٰایک سال کی آزمائش کے بعد فائنڈ مائی ڈیوائس کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔یہ ٹیکنالوجی ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے نیٹ ورک کو استعمال کرکے آف لائن فونز بھی ڈھونڈنے کی سہولت فراہم کرے گی۔گوگل کی جانب سے نئے فائنڈ مائی ڈیوائس کو سب سے پہلے امریکا اور کینیڈا کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔دیگر ممالک میں اسے آنے والے مہینوں میں متعارف کرایا جائے گا۔فائنڈ مائی ڈیوائس ایپ کو استعمال کرکے صارفین ایسے گمشدہ فون بھی تلاش کر سکیں گے جو بند ہوں گے۔کمپنی کے مطابق فائنڈ مائی ڈیوائس ایپ سے آف لائن فون کو بھی میپ پر دیکھنا ممکن ہوگا۔درحقیقت گوگل کا تو کہنا ہے کہ پکسل 8 اور پکسل 8 پرو اسمارٹ فونز کو پاور آف ہونے یا بیٹری ختم ہونے پر بھی اس ٹول کے ذریعے تلاش کرنا ممکن ہوگا۔یہ ٹیکنالوجی دیگر ڈیوائسز کے لیے بھی مستقبل قریب میں دستیاب ہوگی۔بلیو ٹوتھ ٹریکرز، کار کیز، پرس، والٹ اور دیگر ڈیوائسز کے لیے گوگل کی جانب سے یہ ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔گوگل کے مطابق فائنڈ مائی ڈیوائس کے ذریعے اپنی ڈیوائس کی لوکیشن بھی دیگر افراد سے شیئر کر سکیں گے تاکہ دوست یا گھر والے اس قیمتی ڈیوائس پر نظر رکھ سکیں۔فائنڈ مائی ڈیوائس کی نئی ٹریکنگ ٹیکنالوجی اینڈرائیڈ 9 یا اس کے بعد پر کام کرنے والے آپریٹنگ سسٹمز پر مبنی ڈیوائسز پر ہی کام کرے گی۔یہ آپریٹنگ سسٹم 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا تو یہ نئی سروس متعدد افراد کو دستیاب ہوگی۔خیال رہے کہ فائنڈ مائی ڈیوائس سے ابھی بھی فون کو لاک یا اس کا ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے تاہم گمشدہ ڈیوائس کو تلاش کرنے کے لیے فون میں انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔مگر اب آف لائن ٹریکنگ سے فائنڈ مائی ڈیوائس کی یہ خامی دور کردی جائے گی۔یہ آف لائن ٹریکنگ فون کے بلیو ٹوتھ beacon سگنل کو متحرک رکھ کر ہوگی اور فون بند ہونے پر بھی جاری رہے گی۔
Comments